اوکاڑہ،23نومبر)اے پی پی): معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب میاں عبدالرشید بوٹی اور قائمقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ نے کہا ہے کہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے لوگوں کوسرکاری اداروں میں ملازمتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے معذور ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبہ کی معاشی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا اور صوبہ کو وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے ویژن کے مطابق آگے بڑھایاجائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی کے13 معذور ملازمین جو کہ 2016 میں کنٹریکٹ پر بھرتی ہوئے تھے کو مستقل کئے جانے کے تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی میاں عبد الر شید بوٹی اور قائمقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ نے 17اے کے تحت مستقل بنیادوں پر بھرتی ہونے والے 3ملازمین کو بھی تقرر نامے دئیے۔
انہوں نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنی سرکاری ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کریں اور اس سلسلہ میں لوگوں کی آسانی اور سہولت کو اولین فوقیت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کرنے والا ادارہ ہے اس کا ہر فرد انتہائی اہم ذمہ داری سے ادا کرتا ہے ۔انہوں نے شہر میں صفائی ستھرائی ،کوڑا کرکٹ کو محفوظ انداز میں تلف کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو دیگر سہولیات کی فراہمی میں میونسپل کمیٹی کے کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر سی ای او میونسپل کمیٹی عمر نسیم،سپرنٹنڈنٹ قیصر بشیر ناگی،پی ٹی آئی راہنما آصف گجر، میونسپل آفیسر آئی اینڈ ایس حافظ طلعت ،میونسپل آفیسر فنانس چوہدری محمد اسلم بھی موجودتھے ۔











