رحیم یارخان،26 نومبر) اے پی پی): ریزیڈنٹ منیجر ایف ایف سی گوٹھ ماچھی برگیڈئیر(ریٹائرڈ) طلعت محمود جنجوعہ نے کہا ہے کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی ابتدا سے ہی علاقے میں سماجی سرگرمیوں، صحت کی بہتری کے انتظامات اور کھیل کے علاوہ تعلیمی سرگرمیوں میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالتی رہی ہے ،ان تمام سرگرمیوں کے علاوہ ایف ایف سی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ کھیلوں کے ” 8 بڑے سونا کپ ٹورنامنٹس ” جس میں 6 قومی سطح (ہاکی، فٹبال، والی بال، دنگل ، تائیکوانڈو اور گالف) اور 2 صوبائی سطح (کبڈی اور گرلز والی بال) کے ٹورنا منٹس کو منعقد کرنے کے علاوہ علاقائی ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے بھی ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے ساتھ باقاعدگی سے مالی تعاون کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہم ” ہائیسویں اینوٹیشنل سونا گالف ٹورنامنٹ ” کی افتتاحی تقریب میں اکھٹے ہوئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پروفیشنل ،امیچور ،خواتین، بوائز اور ویٹرین کے 100 سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے اور کھیلنے کو ملے گا۔
طلعت محمود جنجوعہ نے کہا کہ کمپنی اور علاقے کی انتظامی اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کے مسلسل جاری رہنے والے تعاون کے باعث اس طرح کے بڑے ٹورنامنٹ کا خواب پایا تکمیل کو پہنچا اور اس کے ساتھ ساتھ خاص کر میڈیا کے دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو اس ٹورنامنٹ کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
طلعت محمود جنجوعہ نے مزید کہا کہ باقی کھیلوں کی طرح گالف کا کھیل بھی ہمارے سماجی روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ جسمانی قوت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، گالف ایک اہم تکنیکی کھیل ہے جو جسمانی قوت کے ساتھ ساتھ زمینی پختگی بھی پیدا کرتا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ تمام کھلاڑی اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اچھا اور بہترین پیش کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں ٹیم ایونٹ اور انفرادی اختتامی مقابلے اتوار کو کھیلے جائیں گے۔











