نواز شریف جلد پاکستان میں ہونگے، آئندہ انتخابات کی قیادت کرینگے؛ احسن اقبال

20

شکرگڑھ،26 نومبر(اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد پاکستان میں ہونگے اور آئندہ انتخابات کی قیادت کرینگے،  پنجاب حکومت آئنی حدود سے تجاوز کر چکی ،پنجاب حکومت کو جمہوری طریقہ سے رخصت کرینگے۔اس کے لئے لائحہ عمل بنا لیا ہے،  اور وزیر اعلی پی ڈی ایم کا ہوگا۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  ہفتہ کو یہاں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت کے خاتمے کےلئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے ، ق لیگی ایم پی ایز اپنے صدر کی ہدایات پر ووٹ دیں تو پنجاب حکومت ختم ہو جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی ،پنجاب حکومت کے وسائل سے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے ۔

 احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو  معاشی استحکام کے لئے انتشار سے پاک کرنے کی  ضرورت ہے ،پی ٹی آئی پنجاب حکومت کے ذریعے ملکی اداروں کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا ، پنجاب میں کوئی چیف سیکریٹری ، آئی جی کام کرنے کو تیار نہیں ،پنجاب حکومت آئینی حدود سے تجاوز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  آئندہ انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے ،  ن لیگ دس سال سے احتساب کا سامنا کر رہی ہے  دس سالوں میں ایک پائی کی کرپشن ہم پر ثابت نہیں کی جا سکی۔