اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):تنزانیہ سوشل ایکشن فنڈ کا وفد جوپاکستان کے پانچ روزہ دورے پر ہے ،نے جمعہ کو تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن میں وفاقی وزیر /چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری سے الوداعی ملاقات کی۔ تنزانیہ سوشل ایکشن فنڈ وفد کا مقصد پاکستان میں سماجی تحفظ پروگراموں بالخصوص بی آئی ایس پی کے تجربات سے سیکھنا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی، عالمی بینک کے آفیشلز اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران شازیہ مری نے وفد کے ارکان کو پاکستان کے سوشل پروٹیکشن کے مختلف پروگراموں سے آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے بی آئی ایس پی کے بہترین اور مؤثر ادائیگیوں کے نظام کی تعریف کی اور بی آئی ایس پی کے نشوونما اور کفالت پروگراموں کو خاص طور پر سراہا۔وفاقی وزیر نے وفد سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان تنزانیہ کو سماجی تحفظ کے شعبہ میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ دورہ جات سماجی تحفظ کے شعبہ کو مؤثر بننے میں مدد گار ثابت ہونگے۔ شازیہ مری نے وفد کو بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس وقت پاکستان میں 8.5ملین لوگوں کو مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کر کے ایک کروڑ افراد تک بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس دورہ کے انعقاد پر عالمی بینک کی نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔ شازیہ مری نے مہمانوں کو اجرک اور سوونیئر پیش کئے۔











