اٹک،06 دسمبر (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف بہت جلد پاکستان آ رہے ہیں قوم ان کا تاریخ ساز استقبال کریگی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لندن سے وطن واپسی پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جس طرح میاں محمد نواز شریف نے لندن میں ہمارا استقبال کیا محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ لندن میں ہیں یا پاکستان میں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا اگر راستہ نہ روکا جاتا تو آج ملک ترقی یافتہ ہو تا، نیازی حکومت نے جو ملک و قوم کا حال کیا وہ سب کے سامنے ہے، آج جس طرح اتحادی حکومت ملکی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے اس کی مثال نہیں ملتی ،میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں لندن میں ہونے والی ملاقات کے دوران میاں محمد نواز شریف سے ملکی و پارٹی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔میاں محمد نواز شریف عمران نیازی کی ناکام حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے جب2013میں اقتدار سنبھالا تھا اس وقت بھی ملکی حالات خراب تھے لیکن انہوں نے دن رات ایک کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف بہت جلد پاکستان آ رہے ہیں ، قوم انکا تاریخ ساز استقبال کریگی۔











