فیصل آباد،07 دسمبر(اے پی پی ):ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی دن رات کاوشیں جاری ہیں ۔ فیصل آباد میں ٹیموں نے نومبر کے مہینے میں 2894 فوڈ سے منسلک کاروبار کو چیک کیا جن میں سے 2109 کو اصلا حی نو ٹس جاری کیے گئے۔ 228 دکانوں اور کارخانوں کو دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے، مضر صحت اجزاء استعمال کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات کی بنیاد پر مجموعی طور پر 27 لاکھ 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 47 پریمیسز کی پروڈکشن اصلاح تک بند کر دی گئی اور 04 پریمیسز کے مالکان کے خلاف ملاوٹ کرنے پر تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی گئیں۔
دوسری طرف 73 پبلک کمپلینٹس پے فوری ایکشن لیے گئے،مزید کارروائیوں کے دوران 3085 لیٹر غیر معیاری دودھ، 218 لیٹر ناقص مشروبات، 950 ساشے گٹکا، 123 لیٹر کھلا تیل، 2000 کلو غیر معیاری مربہ، 2000 انڈے اور 1800 کلو ملاوٹی مصالہ جات موقع پے تلف کر دیے گئے جبکہ بچوں کو محفوظ خوراک سے متعلق آگاہی کے لیے 3 اسکولز میں سیمینارز کا انعقاد بھی کیا گیا۔











