ملتان،07 دسمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو علاج معالجہ کی جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے نشتر ہسپتال کا 11 ارب روپے کا سالانہ بجٹ منظور کر لیا گیا ہے 52 کروڑ روپے سے ادویات خرید کی جا رہی ہیں ادویات کی خریداری کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل ہیں۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سات ہسپتالوں کے لیے ایس این ای کی منظوری دی ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سمیت درجہ چہارم کی بھرتیاں ہوں گی، لوگوں کو روزگار ملے گااور مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت ان کی دہلیز پر میسر آئے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نشتر2 ایمرجنسی، آؤٹ ڈور مارچ 2023 میں شروع ہوں گے نشتر 2 میں ٹراما سینٹر بھی آپریشنل کیا جائے گا ،جنوبی پنجاب میں کینسر کی تشخیص اورعلاج کے لیے نشتر ہسپتال کو جدید مشینری آلات دے رہے ہیں، کینسر کے علاج کے لیے سائبر نائف کی سہولت جلد دیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ پنجاب میں 28 لاکھ افراد نے صحت کارڈ سے علاج کی سہولت حاصل کی وفاق کی طرف سے فنڈز کا حصہ نہ ملنے پر صحت کارڈ میں جز وقتی تعطل آیا، 68 فیصد افراد نے پرائیویٹ سیکٹر جبکہ 32 فیصد نے سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ سے استفادہ کیا،پنجاب میں 8 سو ہسپتال صحت کارڈ کی سہولیات کے لیے رجسٹرڈ ہیں، پنجاب میں 5 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ سے ڈائیلسز کی سہولت دی گئی ، صحت کارڈ سے حادثات کے شکار افراد کا علاج بھی شامل کر لیا گیا ہےصحت کارڈ کی مد میں اب تک 60 ارب روپے کے کلیم دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈی جی خان کارڈیک ہسپتال مارچ میں کام شروع کرے گا، کارڈیک ہسپتال ڈی جی خان میں ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور شروع کریں گے، لیہ میں 2 سو بستر کا زچہ بچہ ہسپتال تیار ہے ۔بہاولنگر، میانوالی ،اٹک میں بھی ہسپتال جلد آپریشنل ہوں گے جبکہ ساہیوال، پنڈی اور گجرانوالا میں ہسپتال مکمل کئے گئے ہیں۔











