وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چودھری کی ملاقات

18

لاہور،8دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے  فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چودھری نےجمعرات کو یہاں وزیراعلی آفس میں  ملاقات کی ہے ۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چودھری نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں 20 لاکھ روپے کا چیک دیا۔وائس چانسلر لاہور میڈیکل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر اے مجید چودھری نے بھی وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں مالی امداد کا چیک دیا۔

 وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے متاثرین سیلاب کیلئے مالی امداد پر شکریہ ادا کیا اورکہاکہ صاحب ثروت افراد نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دل کھول کر معاونت کی ہے،حکومت پنجاب اپنے وسائل اور مخیرحضرات کے عطیات سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔پاکستان آرمی،نیوی اور ائیرفورس نے متاثرین سیلاب کیلئے قابل قدر کام سرانجام دیا۔متاثرین کو ادائیگی کے پروگرام میں شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے تاکہ صحیح حقداروں کو ان کا حق ملے۔

پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔