سکھر،12دسمبر(اے پی پی): جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے کسانوں کے لیے “بحالی کسان پروجیکٹ” کا آغاز کر دیا گیا ہے۔جس کے تحت سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے کسانوں کو کھاد، بیج اور دیگر اشیاءفراہم کی گئیں۔
تقریب میں الخدمت امریکہ کے صدر شکور عالم، الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے سینیئر نائب صدر سید احسان اللّٰہ وقاص ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکور عالم کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور مسلمانوں کا پیغام لیکر آیا ہوں، پاکستانی اس مشکل وقت میں خود کو اکیلا نہ سمجھیں، یہ ہمارا احسان نہیں ہے بھائی کو بھائی تحفہ دیتا ہے اسکو ہمارا تحفہ سمجھ کر رکھیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر احسان اللہ وقاص نے کہا کہ جماعت اسلامی پہلے بھی سیلاب اور بارشوں کے متاثرین میں راشن، گرم، کمبل اور دیگر اشیاءضروریات فراہم کر چکی ہے، اس سے پہلے ہزاروں خاندانوں میں راشن، کمبل، اوردیگر اشیاءضروریات تقسیم کی جا چکی ہیں۔











