اوکاڑہ،13دسمبر (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل عبدالجبار گجر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت احساس راشن پروگرام کے ذریعے عوام کو جو ریلیف فراہم کرنے جا رہی ہے اس کا براہ راست فائدہ عوام کو ہر صورت ملنا چاہیے تمام متعلقہ محکمے احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن کے حوالے سے اقدامات مکمل کریں تاکہ جلدازجلد رجسٹریشن مکمل ہو سکے اور صارفین پنجاب حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ پر دی جانے والی سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے احساس راشن پروگرام پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران،بینکوں کے نمائندوں نےشرکت کی۔ سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ نے احساس راشن پروگرام کےسلسلہ میں دکانداروں کی رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں اب تک 1925دکانیں رجسٹر ڈ ہو چکی ہیں جبکہ مزید رجسٹریشن کے لئے لوگ اپلائی کر رہے ہیں۔ افضال حسین بلوچ نے بتایا کہ پنجاب حکومت آٹا ،گھی اور دال پر 40فیصد سبسڈی دے رہے ہے جس کا براہ راست فائدہ عام صارف کو ہو گا اور پنجاب حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ دکاندار کو بھی 10فیصد تک فائدہ ملے گا۔











