شجاع آباد،14 دسمبر(اے پی پی ): شیخ الحدیث مولانا زبیراحمد صدیقیؔ نے کہا ہے کہ یتیم ، ضعیف اور مفلوک الحال طبقات کی برکت سے دنیا قائم ہے، یتیموں کے پورے معاشرے پر حقوق ہیں، حضور صلی اللہ علیہ وسلم یتیم پیدا ہوئے اور یتیموں کے حقوق مقرر فرمائے۔
ان خیالات کا اظہار شیخ الحدیث مولانا زبیراحمد صدیقیؔ نے جامعہ فاروقیہ شجاع آباد میں یتیم طلباء کے لیے تعمیر کیے جانے والے تین منزلہ ہاسٹل “مہد الرشید” کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یتیم کی کفالت کرنے والے کو جنت میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا پڑوس نصیب ہوگا، قرآن کریم نے یتیم کے اکرام اور حسن سلوک کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 20ہزار مربع فٹ پر مشتمل اس “مہد” (پنگوڑا) میں دوسو سے زائد یتیم طلباء کی کفالت کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال کالج شجاع آباد کے پرنسپل اور معروف سماجی رہنما میاں الطاف حسین بودلہ نے کہا کہ الفاروقیہ ٹرسٹ اور جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کی تعلیم و تربیت، صحت ہسپتال ڈائیلائسس سنٹر بیوگان کی کفالت،چولستان میں پانی کے منصوبے سیلاب زدگان کی خدمت تعمیر مکانات موبائل میڈیکل یونٹ اور مختلف شعبہ جات میں خدمات لائق تقلید و تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ امانت و دیانت سے یہ ادارہ ایک ہمہ جہت تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الفاروقیہ ٹرسٹ کے وائس چیئرمین مفتی محمد طیب معاویہؔ نے کہا “مہدالرشید” جنوبی پنجاب میں یتیم بچوں کے لیے پہلا منفرد منصوبہ ہے۔
جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد عمیر صدیقیؔ نے کہا کہ جامعہ فاروقیہ شجاع آباد یونیورسٹی کی شکل اختیار کر کے مختلف شعبہ جات میں متنوع خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الفاروقیہ نے شہریوں کی خدمات کے لیے ایک مزید ایمبولینس حاصل کر لی ہے۔
اس موقع پر معروف صنعت کار الحاج عزیزالحق قریشی، انجمن تاجران کے سرپرست الحاج خواجہ ضیاء الحق، جنرل سیکرٹری الحاج خواجہ محمودالحق، تاجرر ہنما حافظ محمد طیب زرگر، سیاسی رہنما حاجی سیف الرحمن خان جگوال، تاجر رہنماشیخ محمد عمران قریشی، بزرگ صحافی الحاج سلیم اختر قریشی، حاجی محمدحسین شیخ عدیل حاجی محمد ادریس ندیم، ڈاکٹر محمد جاوید،محمد سلمان سمیت ہر طبقہ فکر کے رہنماء نیز جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے مہتمم مولانا زبیراحمد صدیقیؔ، نائب مہتمم مولانا مفتی محمد طیب معاویہؔ، ناظم اعلیٰ مولانا محمد عمیر صدیقیؔ نے معززین شہر اورجامعہ کے اساتذہ کرام کے ہمراہ دو یتیم بچوں کے ہاتھ سے “مہد الرشید” کا سنگ بنیاد رکھا۔











