سیالکوٹ،15دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آ ف سیالکوٹ کے پہلے کانووکیشن میں شرکت کی اورفارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو اسناد تقسیم کیں۔انہوں نے 25 شعبہ جات کے4 ہزار سے زائد گرایجوایٹس کو اسناد سے نوازا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کا زینہ، تربیت و کردار نہایت اہم ہے ، نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے کریکٹر بلڈنگ کنسورشیم بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے تحقیق نہایت اہم ہے اورجامعات تحقیق کا مرکز ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان ریسرچ کی عادت کو زندگی کا حصہ بنائیں ۔ گرایجویشن کرنیوالے طلبہ و طالبات مستقبل کے لیڈرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا حق استعمال کرنے سے پہلے بھی ریسرچ کریں۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے معلومات کی تصدیق کی جائے۔
تقریب میں وائس چانسلر ، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر، اساتذہ کرام ، والدین نے بھی بھرپور شرکت کی۔











