اوکاڑہ،16دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے انسداد کے لئے احتیاط اور ماہرین کی آراء کی روشنی میں محفوظ طرز زندگی جس میں صفائی ستھرائی گھروں محلوں کو صاف اور خشک رکھنا اور ہاوَس کیپنگ سب سے اہم ہے۔ بارشوں کی وجہ سے مچھروں کی افزائش نے صورت حال کو گھمبیر کر دیا۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم کوشش کر کے انسداد ڈینگی ایس او پیز کی سو فیصد پیروی کریں تاکہ ہم خود اور ہمارے پیارے اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام محکمے انسداد ڈینگی ایس او پیز کی سو فیصد پیر وی کویقینی بنائیں لوگوں کو ڈینگی سے بچاوَ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق لگاتار آگاہی دی جائے۔اس۔ موقع پر ڈسٹرکٹ انٹا مالوجسٹ حافظ عبداللہ اور سی ڈی سی آفیسر اصغر علی نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات،سرویلینس،
آوَٹ ڈور ، ان ڈورسر ویلینس، ہاوَس کیپنگ اور سرکاری اداروں کی جانب سے انسدادڈینگی آگاہی مہم ، ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز میں دستیاب سہولیات اور ضلع میں ڈینگی کے مریضو ں سے متعلق بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی وارڈز مکمل طور پر فعال ہیں تشخیصی ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولیات مریضوں کو بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہستال ساؤتھ سٹی ڈاکٹر ذوالفقار حیدر جام، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز راۓ ممتاز علی اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔











