ٹنڈومحمدخان،18دسمبر (اے پی پی): پیپلزپارٹی ٹنڈومحمدخان کی جانب سے سینیٹر عاجز دھامرہ کی قیادت میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اسٹین روڈ سے پریس کلب تک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔دوران ریلی پورا شہر جئے پاکستان اور جئے بلاول بھٹو زرداری کے نعروں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرہ، ضلعی جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو، عبدالحکیم دستی،سید صلال شاہ بخاری سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح بہادر و نڈر ہے، بلاول بھٹو زرداری میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ملک کو چلانے کے لئے ضروری ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد انڈیا کی عوام میں اپنی حکومت کے لئے سخت مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارا سپہ سالار شہید رانی کا لخت جگر ہے۔











