اوکاڑہ،18دسمبر(اے پی پی: )وفاقی وزیرخارجہ وچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری سجاد الحسن اور سابق ایم این اے رائے غلام مجتبی کھرل کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی ۔
ریلی ضلعی صدر چوہدری سجاد الحسن کی رہائش گاہ سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی اوکاڑہ پریس کلب میں اختتام پذیر ہوئی جہاں پر چوہدری سجاد الحسن نےاپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ و چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جس پر بھارت میں آر ایس ایس کے گنڈوں نے وزیر خارجہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف پروپیگنڈا کیاجبکہ ہم اپنے قائد و چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو حق و سچ پر ڈٹ جانے اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف اور اپنے قائد کے حق میں خوب نعرے بازی کی ۔ ریلی میں کارکنان کی جانب سے فلیکس پینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے پر تشدد کرتے ہوئے نذر آتش کر دیا۔











