ملتان،28 دسمبر(اے پی پی):سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب محمد آصف چوہدری کی زیرِ صدارت 2022-23کی جاری سالانہ ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس۔ایڈیشنل سیکرٹری رانا اخلاق، ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال اور ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان سمیت متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس ای ڈی جی خان محمد شیعب کی غیر حاضری پر جواب طلبی کی گئی اور واسا اور پی ایچ ای کی سکیموں پر سست روی پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے۔منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی،کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صاف پانی کے منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔پی ایچ ای کی جاری اسکیموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی بنیادی حق ہے۔جس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔پی ایچ اے ملتان پارکوں اور گرین بیلٹس میں بھر پور شجر کاری کرے۔ جاری منصوبوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو جاری منصوبوں بارے تفصیلاً بریفنگ دی۔











