ضلع کرم میں ریزیلئنس تھنک ٹینک کا قیام، علاقے کی ترقی ،امن و اصلاح پر تفصیلی بحث کی گئی 

21

پاراچنار،31دسمبر(اے پی پی):ضلع کرم میں ریزیلئنس تھنک ٹینک کا قیام عمل میں لایا گیا، تقریب میں ضلعی انتظامیہ، علماء، قبائلی عمائدین، لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

کرم پریس کلب پاراچنار میں مشاورتی مکالمہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معظم خان بنگش ، اسسٹنٹ کمشنر امیر نواز ، تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین ، پروفیسر اسفندیار خان اور سینئر صحافی صفی اللہ نے کہا کہ ریزیلیئنس تھنک ٹینک کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت تھی اور تھنک ٹینک کا قیام قبائلی اضلاع میں سماجی و معاشی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں سماجی رہنما عبد الخالق پٹھان، پروفیسر جمیل کاظمی حاجی رؤف، محمود علی جان، خواتین کونسلر نسرین نے کہا کہ ریزیلنس تھنک ٹینک ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کا سبب بنے گا۔

تقریب کا اہتمام غیر سرکاری تنظیم فاسٹ ٹریک نے سی آر اے نارتھ کے تعاون سے کیا تھا۔تقریب سے اپنے خطاب میں سی آر اے کے مانیٹرنگ افسر دین محمد اور قائمقام ڈسٹرکٹ ٹیم لیڈر سید عباس نے سی آر کے ابجیکٹیوز پر تفصیلی بات چیت کی اور کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ مشاورتی اجلاس میں شامل ہوئے اور آپس میں گل مل گئے۔ تھنک ٹینک ممبران کو مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے ضلع کرم کے حل طلب مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کئے گئے، ٹی ڈی پیز کی دوبارہ بحالی، شہری شمولیت، سماجی ہم آہنگی پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

 شرکاء نے امن، تعلیم، زراعت، روزگار کے مواقع، معدنی وسائل سے استفادہ نوجوانوں اور خواتین کے مثبت سرگرمیوں کے لیے کھیل کے میدان، سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنانے، بنیادی حقوق دینے، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں میں عوامی مسائل کے حل پر زور دیا۔

 شرکاء نے اس قسم کے مشاورتی عمل جاری رکھنے اور سوشل میڈیا سمیت ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات میں اس کی تشہیر پر زور دیا۔

 اس سے قبل اورکزئی اور خیبر میں بھی مستحکم معاشرہ کے عنوان سے کمیونٹی ریزیلنس ایکٹیویٹی کا انعقاد کیا گیا تھا۔

 تقریب کے اختتام پر مولانا امیر حمزہ چمکنی اور مولانا الطاف حسین نے ملک وقوم کی بقاء اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ریزیلنس تھنک ٹینک ضلع کرم کے عوام کیلئے خوشی اور امن کی نوید بنائیں۔