لاہور،3جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے والوں کو انشا اللہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت ملکی معیشت سمیت تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بھر پور کوششیں کررہی ہے جبکہ پچھلی حکومت نے ریکارڈ قرضے لے کر ملک کو معاشی بحران کی طرف دھکیلا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے اپنے ادوار میں متعدد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کئے جنہیں نظر انداز کردیا گیا۔ طلبا کو میرٹ پر لیپ ٹاپس، نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ٹیکنکل ایجوکیشن کے اداروں کا قیام، اعلی تعلیم کے لیے ہائر ایجوکیشن کو ریکارڈ فنڈنگ، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پہلی ویمن یونیورسٹی کا قیام اور اس کے بعد متعدد یونیورسٹیوں کا قیام مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں لایا گیا۔انہوں ن کہا کہ انشا اللہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا آئینی حکمنامہ وقت کی ضرورت تھا،پاکستان تحریک انصاف اب بھی انتشار کی سیاست کرکے ملک کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کسی سیاسی نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لئے حکومت میں آئی ہے، انتشار کی سیاست کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں مایوسی پھیلانے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔











