ملتان ؛ کمشنر کا ایس او ایس ویلج کا دورہ، بچوں میں کھانا، ماؤں میں گرم شالز تقسیم

14

ملتان،04جنوری (اے پی پی ): کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا اوریتیم اور بے سہارا بچوں میں کھانا اور ان بچوں کی خدمت کرنے والوں ماؤں میں گرم شالز تقسیم کرنے کی تقریب کی صدارت کی ۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے  کمشنر اشفاق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ والدین کے سہارے سے محروم بچے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہیں، ایس او ایس ویلج بے سہارا بچوں کے لئے مثالی پناہ گاہ،درسگاہ ہے۔مجھے خوشی ہے کہ بچے ایس او ایس ویلج میں اچھے ماحول میں رہ رہے ہیں، بے آسرا بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت سے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کی سمت دکھائی جاسکتی ہے۔

اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ایس او ایس ویلج کے بچے ہمارا فخر ہیں، ایس او ایس ویلج کے بچے اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، میں ان کے ساتھ ہوں، جو لوگ ایسے بچوں کی خدمت کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کے دن ایس او ایس میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، ایس او ایس کے بچوں کا ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کرائے جائیگا اور واسا سے متعلق مسائل بھی حل کرائے جائینگے۔

تقریب میں شریک سماجی رہنما اظہر بلوچ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میری زندگی کا مقصد ہے، میں گزشتہ 19سال سے ان معصوم بچوں کا انکل ہوں اور میں ان کی ہر ممکن خدمت کر رہا ہوں، کسی بھی عید یا خوشی کا دن میں ان کے بغیر نہیں گزار سکتا، میں نے اپنی زندگی ایس او ایس کے بچوں کے نام وقف کر رکھی ہے، میں نے اپنے بچوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خداانخواستہ میری زندگی کے بعد بھی ان  بچوں کی خدمت جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو میوزک لوک میلے کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس کے ذریعے علاقائی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔

ایس او ایس کے ڈائریکٹر کامران یوسف نے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ 22 سال سے خدمات انجام دے رہا ہے اور یہاں کل کے بچے آج یونیورسٹی اور کالجز میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ملازمتیں بھی کر رہے ہیں۔

 کمشنر ملتان اشفاق احمد چوہدری اورسماجی رہنما  اظہر بلوچ نے اس موقع پر ایک بچی کی دو دن بعد ہونے والی شادی کے حوالے سے بھی تحائف دیے۔بعد اذاں کمشنر ملتان نے بچوں کے گھر دیکھے اور ان کے رہین سہن و طرز ذندگی کی تعریف کی۔