قیمت پنجاب ایپ پر موصول ہونیوالی شکایات کا بر وقت ازالہ یقینی بنایا جائے؛ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی  ہدایت

31

لاہور،5جنوری(اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ہدایت کی ہے کہ قیمت پنجاب ایپ پر موصول ہونیوالی شکایات کا بر وقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور ایپ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے عوام میں آگاہی کو بڑھایا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت اشیا خورونوش بالخصو ص آٹا، گھی،دالوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں آٹے کی قلت کے تاثر کو ختم کرنے کیلئے مارکیٹ میں سپلائی بڑھانے اور ایک ہفتے کیلئے ٹرکنگ پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔حکام نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ تمام اضلاع میں آٹا مقررہ قیمت پر دستیاب ہے اورکسی جگہ کوئی کمی نہیں ہے۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی  کہ  گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل وحمل کیخلاف کریک ڈائون تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنرز اشیا خورونوش کی قیمتوں کیساتھ ساتھ طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔

سیکرٹری صنعت نے پرائس کنٹرول میں کارکردگی سے متعلق اضلاع کی درجہ بندی کی رپورٹ پیش کی۔چیف سیکرٹری نے ملتان،خانیوال، رحیم یارخان، راولپنڈی اور فیصل آباد کے اضلاع کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ 73  فیصد سے زائد سکور والے اضلاع چنیوٹ، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال اور سیالکوٹ کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے اشاریوں میں 50  فیصد سے کم سکور کسی صورت قابل قبول نہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کو سبسڈی دی جا رہی ہے اور آٹا سمیت چار اشیا پر رعائیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران احساس راشن رعایت پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اجلا س کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین روز میں صوبہ میں 30 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں اورخلاف ورزیوں پر 94 افراد کو گرفتار، 48 مقدمات کا اندراج اور 40 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔

صنعت، زراعت، خوراک کے محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔