ٹنڈو محمد خان،09 جنوری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر یاسربھٹی نے کہا کہ ٹنڈومحمدخان میں بلدیاتی انتخابات کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی سیاسی جماعتوں و امیدوار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پرامن منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد قومی فرائض میں شامل ہے جس کے لیے مانیٹرنگ ٹیموں کے کام کی نگرانی کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کمپلیکس ہال میں 15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ 15 جنوری 2023 کو شفاف اور پرامن الیکشن کا انعقاد ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان پرامن ضلع ہے تاہم پولنگ اسٹیشنوں کی سکیورٹی کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا گیا ہے،امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے۔
اس موقع پر ایس ایس پی غلام نبی کیریو نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد قومی فریضہ ہے جس کے لیے محکمہ پولیس مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو سکے۔
رینجرز کے ڈی ایس آر نثار احمد سولنگی نے کہا کہ ہماری ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہے گی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ندیم احمد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ذوالفقار علی نظامانی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر زاہد حسین بھٹو، ریٹرننگ افسران، مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں اور ضلع کے بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











