مظفرگڑہ، 19 جنوری(اےپی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عامر ذولفقار خان کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان سید خرم علی نے ریجن بھرکے تمام اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ حساس مقامات کے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں آر پی او نے ضلع مظفرگڑہ کی تحصیل علی پورکا دورہ کیا۔ علی پور پہنچنے پر ڈی پی اومظفر گڑہ احمد نواز شاہ نے پرتپاک استقبال کیا ۔آر پی اوسیدخرم علی نے ڈی پی او کے ہمراہ ہیڈ پنجندپر جاری کنسٹرکشن پروجیکٹ کا وزٹ کرکے غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑہ نے سیکورٹی اقدامات سے متعلق بریف کیا ۔آر پی او نےتمام سکیورٹی پوائنٹس کا جائز ہ لے کر پروجیکٹ انتظامیہ سےملاقات کی اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی کو مزید سخت کرنے اورسکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے کے احکامات جاری کیے۔ آر پی او سیدخرم علی نے ڈی پی او کے ہمراہ تھانہ سٹی اور صدر علی پور کا ملاحظہ کیا ۔ ملاحظہ کے دوران تھانہ جات کے سیکورٹی کے اقدامات ، ریکارڈ ،فرنٹ ڈیسک ،بلڈنگ ،اسلحہ خانہ ، مال خانہ اور حوالات کو چیک کیا اور قیدیوں سے گفتگو بھی کی ۔ آر پی او نے تھانہ جات میں زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لے کر زیر تفتیش سنگین مقدمات قتل، ڈکیتی، رابری، اغواء، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، ریپ، وہیکل چوری اور سرقہ مویشی جیسے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات کو میرٹ پر جلد یکسو کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ تھانہ جات کے ملاحظہ کے دوران آر پی ا و نے میرٹ پر تفتیش اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ، اشتہاری مجرمان، منشیات فروشان ،جرائم برخلاف مال میں ملوث مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاون کرنے کے احکامات جاری کیے۔











