وزیراعلی پنجاب نے حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کردیا، پورٹل ویب سائٹس پر قرآن کریم بارے جعلی مواد کی نشاندہی کریگا، چودھری پرویز الہی

13

لاہور۔19جنوری  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کردیا۔وزیراعلی نے کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا۔پورٹل ویب سائٹس پر موجود قرآن کریم سے متعلق جعلی مواد کی نشاندہی کرے گا۔ حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ اور متعلقہ اداروں کو ویب سائٹس پر قرآن سے متعلق منفی مواد کے بارے میں الرٹ جاری کرے گا۔پورٹل متعلقہ اداروں کو متنازعہ مواد بلاک کرنے اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے الرٹ بھی جاری کرے گا۔چودھری پرویز الہی نے کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے مذموم حرکتیں کرنیوالوں کی ویب سائٹس کو بلاک کیا جا سکے گا جبکہ سسٹم کی مدد سے پبلشرز و ای پبلشرز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی۔وزیراعلی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی توہین یا تبدیلی کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے حرمت قرآن کریم پورٹل بناکر تاریخی اقدام کیا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے قرآن بورڈ کے اشتراک سے ایک سافٹ ویئر بنایا ہے جوخاتم النبیین ﷺ ۖکے نام ، قرآن کریم کی آیت یا ترجمہ میں تبدیلی کی اشاعت پر فوری الرٹ جاری  کرے گا۔چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ایک سافٹ ویئر کا سسٹم متحدہ علما  بورڈ کے دفتر میں ہوگا او رایک پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں ہو گا۔ اس سے غلط مواد ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے والے شخص کی فوری پکڑ  اورویب سائٹ بھی بلاک ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے یہ سافٹ ویئر خود بنایا ہے اور یہ دین کا بہت بڑا کام ہواہے ،ہم یہ سافٹ ویئر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اورایران کو بھی دیں گے۔علما کرام کا وفد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی اور ایران جائے گا اوردین کے اس کام کو آگے بڑھائیں گے۔چودھری پرویز الہی نے کہا کہ چیئر مین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف، سابق معاون خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد اور ان کی ٹیم حرمت قرآن پورٹل بنانے پر مبارکباد کی مستحق ہے – قرآن بورڈ،علما کرام اور پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے دوماہ کی قلیل مدت میں حرمت قرآن پورٹل بنا کردین کی خدمت کی ہے۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ میں نے جتنا بھی کام کیاہے اللہ تعالی کی رضا اورنیک نیتی سے کیاہے۔میں چاہتاہو ں کہ اللہ تعالی بھی راضی ہوجائے او راس کی مخلوق بھی خوش ہو۔ہم نے نگران وزیراعلی کے لئے غیر جانبدار شخصیات کے نام دیئے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہاکہ مسلم لیگ ق کے عہدیداران سے تفصیلی میٹنگ ہوئی ہے اور ہم مشاورت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ہماری جماعت کے عہدیدار گراس روٹ لیول پر کارکنوں سے مشاورت کریں گے اوراس کے بعد  پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلہ کریں گے- الیکشن جب بھی ہوں، ہم بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے -وزیراعظم یا وزیراعلی کا فیصلہ اللہ تعالی کی طرف سے ہو گا-ایک او رسوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہا کہ کوٹلہ ارب خان ہسپتال میں نے بنایا اور اس کی توسیع کر رہے ہیں، توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کیس  ہوں گے،ہم اللہ کی رضا کے لئے نیک نیتی سے کام کرتے ہیں -ارفع کریم ٹاور کے ساتھ ٹوئن ٹاور کی طرح دوسرا ٹاوربنائیں گے ، سافٹ ویئرایکسپورٹ کرنے کا کسی نے نہیں سوچا-اگر بنگلادیش سافٹ ویئر ایکسپورٹ سے اربوں ڈالر کما سکتا ہے تو ہم کیو ں نہیں -راسخ الہی،مولانا محمد حسین اکبر، یوسف بادوزئی،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری اوقاف، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف، ہمیش خان، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، عمر دراز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے وزیر اعلی کو پورٹل کے اہم خدوخال کے بارے بریفنگ دی ۔