لاہور۔19جنوری (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل اور چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) ذوالفقار علی چوہدری کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک، زراعت اور سیکورٹی و پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی- اجلاس میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس میں خصوصی یونٹ کے قیام اور سمگلنگ کیخلاف موثر کارروائیوں کیلئے پولیس و متعلقہ محکموں کے درمیان تعاون بڑھانے اور فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ ڈی آئی جی کی سربراہی میں قائم خصوصی یونٹ انسداد سمگلنگ کارروائیوں کے آپریشنل معاملات کی نگرانی کریگا،صوبائی محکمے متعلقہ وفاقی اداروں کیساتھ مل کر یوریا اور گندم کی سمگلنگ روکنے کا لائحہ عمل تیار کریں،سمگلنگ کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تسلسل کیساتھ جاری رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد سمگلنگ کے اجلاس میں پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔چیف کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) ذوالفقار علی چوہدری نے کہا کہ کسٹمز، انتظامیہ اورپولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں سمگل شدہ پیٹرول کی فروخت کیخلاف کریک ڈائون کریں،سمگل شدہ پیٹرول فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کر دیا جائے،متعلقہ اتھارٹی کے اجازت نامے کے بغیر سیل کئے گئے پیٹرول پمپس کو کسی صورت نہ کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ پر قابو پانا پولیس اور انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے،محکمہ داخلہ اور کسٹمز کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے صوبے میں 56 مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی گئیں ہیں،انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کیلئے پولیس کی جانب سے محکمہ کسٹمز کو مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔











