لاہور۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ قیصر اقبال بریار، سلیم بریار اور احسن سلیم بریار نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور و پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ قیصر اقبال بریار نے چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ مقرر کرنے پر چودھری پرویزالہی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے میں لیڈ لے رہاہے۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔پنجاب کو سرمایہ کاروں کیلئے سب سے بہترین صوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔پنجاب میں سرمایہ کاروں اور عوام کیلئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ قیصر اقبال بریار نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فراہم کردہ ساز گار ماحول اور اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔











