ملتان ؛ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں 05 جدید  لیکچر تھیٹرز کا افتتاح کردیا گیا

15

ملتان، 20 جنوری(اے پی پی ):نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سابق وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا شہید کے نام سے منسوب 05  جدید  لیکچر تھیٹرز کا افتتاح کردیا گیا،لیکچر تھیٹرز میں لگ بھگ 2 ہزار کے قریب طلبا و طالبات بیک وقت جدید میڈیکل تعلیم حاصل کر سکیں گے اس منصوبے پر کل لاگت 15 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے کہا ہے کہ 2017 میں سابق وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا شہید نے جن پانچ لیکچر تھیٹرز کا سنگ بنیاد رکھا تھا آج وہ مکمل ہو چکے ہیں، شہید مصطفی کمال پاشا شہید کے نام سے منصوب 05  جدید  لیکچر تھیٹرز میں لگ بھگ 2 ہزار کے قریب طلبا و طالبات بیک وقت جدید میڈیکل تعلیم حاصل کر سکیں گے اس منصوبے پر کل لاگت 15 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، منصوبے کی تکمیل پنجاب حکومت کی خصوصی دلچسپی سے ممکن ہو پائی ہے۔

 پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل میں معیار کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان لیکچر تھیٹرز کو اس طرز پر تعمیر کیا گیا ہے تاکہ جدید سہولیات سے آراستہ ان لیکچر تھیٹرز میں طلبا و طالبات کو جدید میڈیکل سائنس کے رجحانات سے روشناس کروایا جا سکے ،ان لیکچر تھیٹرز میں تمام وہ سہولیات دی گئی ہیں جس سے طلبا کو بہت کچھ نیا سیکھنے میں مدد ملے گی ۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کی کاوشوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے دن رات کی پرواہ کئے بغیر مسلسل منصوبے کی مانیٹرنگ جاری رکھی، شہید مصطفی کمال پاشا نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ماتھے کا جھومر تھے آج انکے نام سے منسوب ان لیکچر تھیٹرز کو دیکھ کر نہایت خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔

اس موقع پر ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان،  پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین، پروفیسر ڈاکٹر نسرین قیصر، پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس اور پروفیسر ڈاکٹر عباس نقوی سمیت دیگر سینئر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔