وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی سے کورین سفیر سوئسنگ پاو کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

16

اسلام آباد۔27جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی سے کورین سفیر سوئسنگ پاو  نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے کورین سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور خوش آمدید کہا ۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں سیلابی صورتحال کے دوران کوریا کی جانب سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کی ضرورت ہے، اس حوالے سے سپیشل اکنامک زونز میں صلاحیت موجود ہے اور اس کو وسعت دینے اور اس میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، معیشت میں اس کا اہم کردار ہے اور ملکی ترقی میں اس  سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں کوریا کے لیے وسطی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے  کورین مصنوعات خصوصاً سولر پینلز کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں مزید تعاون کے فروغ پر زور دیا ۔ ملاقات میں پاکستان میں کورین کمپنیز کے جاری پراجیکٹس بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن کو مذید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور حکومتی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ملاقات میں بونی ڈیم تعمیر کرنے والی کمپنی سٹار ہائیڈرو کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر بھی موجود تھے۔ایل سیز کھولنے میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے جلد مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں مزید ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔عوامی فلاح اور خوشحالی کے دیگر منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں فریقین کے درمیان صحت کے شعبے میں بھی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اور کورین سفیر کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور خوشگوار رہی ۔وفاقی وزیر اور کورین سفیر نے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا۔