رحیم یار خان،28جنوری(اے پی پی):ڈی پی او اختر فاروق نے کہا ہے کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں، مجرمان اشتہاریوں، عدالتی مفروروں، عادی و ریکارڈی ملزمان کے خلاف بھر پور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایس پی انویسٹی گیشن اخلاق اللہ کے ہمراہ ضلع بھر کےپولیس افسران سے کرائم میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع بھر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، جوئے کے اڈوں اور قحبہ خانے چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور نیشنل ایکشن پلان اور لوکل اینڈ سپیشل لاز کا ان کی روح کے مطابق نفاذ یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ مجموعی کارکردگی اگرچہ اطمینان بخش ہے لیکن بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز بہترین مہتمم تھانہ ہونے کا ثبوت دیں کسی قسم کی پینڈنسی نہیں ہونی چاہیے، تھانہ پر کمپیوٹر اور مینول ریکارڈ آپ ڈیٹ رکھیں اور پولیس افسران تھانہ کی سطح پر میرٹ اور انصاف کو یقینی بنائیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن اخلاق اللہ نے کہا کہ عوام کی جانب سے شکایات پر قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، پولیس افسران مقدمات کا فوری اندراج اور بر وقت چالان کو یقینی بنائیں، مقدمات کی حقائق، میرٹ اور انصاف پر یکسوئی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران درخواست اور مقدمہ میں فریقین کو برابری کی سطح پر سنیں، پولیس افسران غیرجانبدار رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں اور سائلین سے حسن اخلاق کا مظاہرہ کریں











