سرکاری محکمے بچوں سے مشقت لینے والے اداروں کے خلاف ضروری کارروائی کریں : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری عبد الجبار

11

اوکاڑہ،28جنوری( اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری عبد الجبار نے کہا ہے کہ سرکاری محکمے بچوں سے مشقت لینے والے اداروں کے خلاف ضرور ی کارروائی کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد بانڈڈ لیبر / چائلڈ لیبر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں بھٹہ ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی او لیبر نے بتایا کہ ضلع میں بانڈڈ لیبر کی کسی جگہ پر بھی شکایت نہ ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے حکومتی ہدایات کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری عبد الجبار نے کہا کہ صنعتی سرگرمیاں معاشی نمو کے لئے بنیادی کلید ہیں، آجر اور اجیر کے درمیان خوشگوار تعلقات صنعتی ترقی کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ مزدوروں اور محنت کشوں کی خوشحالی کی بھی ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کی حفاظت اور انہیں حکومتی قوانین کے مطابق اجرت کی ادائیگی کے لئے تمام محکمے جہاں بھرپور اقدامات کر رہے ہیں وہیں پر صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے بھی حکومتی پالیسی پر عملد ر آمد کرایا جا رہا ہے ضلع میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کسی جگہ پر بھی بانڈڈ لیبر کی شکایت نہ ہے سرکاری محکمے بچوں سے مشقت لینے والے اداروں کے خلاف ضرور ی کاروائی کریں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری عبد الجبار نے کہا کہ ضلع میں تمام بھٹہ خشت زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہیں اور تمام قواعد و ضوابط کی پیروی کی جا رہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ بھٹہ خشت پر سستے آٹے کے سیلز پوائنٹس بنائے جائیں تاکہ مزدوروں کو آٹا خریدنے میں آسانی ہو۔