لاہور۔29جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں امراض قلب کے مریضوں کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر فرقد عالمگیر اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کارڈیک ایمرجنسی سروسز کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات طلب کرتے ہوئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن شامل ہوں گے جو سرکاری ہسپتالوں میں انجیو پلاسٹی اور سٹنٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں لازمی کارڈیک ایمرجنسی سروسز کے نفاذ کیلئے دستیاب سہولتوں کا جائزہ لے گی اورآئندہ چند روز میں لازمی کارڈیک سروسز کی سہولت کے حوالے سے حتمی تجاویز دے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ دل کے مریضوں کے بروقت علاج کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ کارڈیک مریضوں کی سہولت کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے اشتراک کا بھی جائزہ لیا جائے۔ نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ دل کے مریض کا 90 منٹ کے اندر علاج شرو ع ہونا ضروری ہے ، ہارٹ اٹیک کی صورت میں علاج کے طریقہ کار کے بارے میں عوامی آگاہی ضروری امر ہے۔











