چنیوٹ،31 جنوری (اے پی پی ):ڈویژنل کمشنر سلوت سعید نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنرچنیوٹ فیصل عباس مانگٹ نے کریشنگ سیزن پر عملدرآمد،فرٹیلائزرکی دستیابی ومقررہ نرخوں پر فروخت،سستے آٹے کی فروخت،پرائس کنٹرول میکنزم و دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈویژنل کمشنر نے گنے کے کریشنگ سیزن پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کسانوں کو گنے کی ادائیگیوں،وزن پورا ملنے کی تفصیلات بارے دریافت کیا۔انہوں نے کھادوں کی دستیابی اورمقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔
ڈویژنل کمشنر نے ضلعی افسران کو گنے کی کریشنگ سیزن کے اختتام تک مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسانوں کو 100 فیصد ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول میکنزم پر بھرپور عملدرآمد کا بھی حکم دیا۔انہوں نے سرکاری دفاتر میں اعلی نظم ونسق کو یقینی بنانے اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے دفاتر میں موجود رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ دفاتر میں صفائی ستھرائی کا اعلی معیار ہمہ وقت قائم رہنا چاہیے جبکہ خصوصی طور پر پبلک ٹائلٹس کو باربار چیک کراکر صفائی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اضلاع کے دورے کرکے انتظامی امور کا جائزہ لینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید،اسسٹنٹ کمشنر بلال بن عبدالحفیظ و دیگر افسران بھی موجود تھے۔











