بہاولپور،8فروری(اے پی پی ): انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سٹی پریڈ منعقد کی گئی جس کی قیادت کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کی۔ سٹی پریڈ میں پولیس بینڈ، سکول بینڈ نے مظاہرہ کیا۔ آرٹس کونسل بہاول پور کا کلچرل فلوٹ، ریسکیو 1122اور سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات نے کلچر ڈریس شو میں شرکت کی۔
سٹی پریڈ میں سول ڈیفنس، بوائز سکاؤٹس، میڈیکل، سپیشل ایجوکیشن کے طلباء، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا ثقافتی گروپ، بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ہارس رائیڈنگ، پاک سرزمین ٹیم کے ارکان، گھڑ سوار، ساربان، ہیوی بائیکرز، سائیکلسٹ،سرکاری اداروں کے افسران وملازمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ، ڈی پی او سید محمد عباس،ایم ڈی ٹی ڈی سی پی آغا علی عباس،ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود بخاری،جنرل سیکرٹری بہاول جم خانہ ملک اعجاز ناظم، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم فاطمہ، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل احمد،ایڈیشنل کمشنر اشتمال عامر عزیز کھچی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سٹی پریڈ سنٹرل لائبریری سے ہوتی ہوئی کالی پلی، صدر پلی، سے ہوتی ہوئی ڈی سی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے فضا میں غبارے چھوڑے۔ سٹی پریڈ کے اختتام پر کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر بہاولپور روہی فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے جس میں خطہ کی ثقافت کو بہت خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پریڈ بہت شاندار ایونٹ ہے جس میں خوبصورت رنگ، بہترین ماحول اور لوگوں کا جوش و ولولہ پایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پریڈ کے ذریعہ بہاول پور کی ثقافت اور تہذیب و تمدن کو بہترین انداز میں شوکیس کیا گیا ہے اور پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں گیا ہے۔
انہوں نے اہلیانِ بہاول پور اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں انھوں نے سٹی پریڈ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران ومنتظمین میں شیلڈز تقسیم کیں۔











