سعودی عرب سے پاکستان کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں ،پاکستانی ڈرامے سعودی چینلز پر دکھائے جائیں ؛نامور اداکارعتیقہ اڈوکا “میٹ اینڈ گریٹ” میں اظہار خیال

23

جدہ،14 فروری(اے پی پی ):پاکستان کی نامور فلم اور ٹی وی  اداکارعتیقہ اڈونے کہا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں، خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز  اور ولی عہد محمد سلمان نے سعودی معاشرے کو ایک نئی روشنی دی ہے، پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وزارت اطلاعات پاکستان، سعودی  عرب سے اپنے ثقافتی تبادلے کرے۔  پاکستان کے ڈرامے ، فلمیں  عربی زبان میں کرکے سعود ی وزارت  کے ذریعے  انہیں سعودی چینلز پر دکھائے  جائیں ۔

یہ بات پاکستان کی نامور فلم اور ٹی وی  اداکار  عتیقہ اڈو  نے  منگل کو یہاں  جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشیر  نوشین وسیم کی جانب سے منعقدہ پروگرام  “میٹ اینڈ گریٹ”  میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔

عتیقہ اڈو نے کہا  کہ  ریاض میں  میری ملاقاتیں سعودی متعلقہ  حکام سے ہوئیں اور کوشش کی ہے کہ  پاکستان کے ڈرامے یہاں لائے جائیں، انہیں عربی زبان میں ڈب کیا جائے۔انہوں نے کہا   کہ اس وقت پاکستان کے ڈراموں  اور فلموں میں نئے نوجوان  اور  تعلیم یافتہ اداکار، ہدایت کار  بڑی تعداد میں موجودہیں جو نہایت معیاری  ڈرامے  اور فلمیں بنا رہے  ہیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا  پاکستان کی فلم  ” مولا جٹ” نے سعودی عرب سمیت  دنیا بھر میں پاکستان کی فلم انڈسٹری کو روشناس کرایا اور ذرمبادلہ کمایا  ،اسی طرح کے معیاری ڈرامے بھی یہاں لائے جائیں۔

 عتیقہ اڈو نے کہا  کہ پاکستان کی ثقافت کو متعارف کرانے کیلئے  اداکار  اور صحافی اہم کردار  ادا کررہے ہیں  ،حکومت پاکستا ن کو انکی سرپرستی کرنا چاہئے۔انہوں  نے کہا کہ  میں پہلی دفعہ  سعودی عرب آئی ہوں جو کچھ گمان تھا  اس سے کہیں بڑھ کر  یہاں سعودی  حکومت نے ترقی کی ہے، ایک اچھااور قریبی دوست ہونے کے تعلق سے پاکستانیوں  اور پاکستا ن کو یہاں ہر شعبہ میں تعاون ملتا ہے،  ثقافتی شعبہ میں تعلق  ملکوں کی اور اسکی عوام کو قریب تر لاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں موجود پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ  قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے یہاں پاکستان کا نام روشن کریں۔

عتیقہ اڈو نے کہا کہ میری سالگرہ 12فروری کو ہوتی ہے اس دفعہ میں نے اپنی سالگرہ پر  اپنے آپ کو تحفہ دیا  اور  عمرہ ادا کیا، روضہ رسولﷺ اور خانہ کعبہ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ انہوں نے نوشین وسیم کا شکریہ ادا کیا کہ وہ  پاکستانیوں کیلئے بہترین تقاریب کا اہتمام کرتی ہیں اور سعودی نیشنل ہونے کے ساتھ ساتھ وہ   ہر شعبہ میں پاکستان کی ترقی  کیلئے کوشاں رہتی ہیں۔

 تقریب میں پاکستانی  خواتین و  حضرات و میڈیا کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عتیقہ اڈو کو خوش آمدید کہتے ہوئے نوشین وسیم نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ  پاکستان سے فنون  لطیفہ سے تعلق رکھنے والوں کے اعزاز میں تقاریب کرکے پاکستان کمیونٹی کو ان سے ملاقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ  عتیقہ اڈو  نہ صرف اداکاری  بلکہ بریسٹ کینسر اور سماجی کاموں میں  بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیتی ہیں ایسی شخصیات کو متعارف کرانا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ پاکستانی ان سے مستفید ہوسکیں اور انکے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات ان تک پہنچیں۔انہوں نے کہا  کہ میرے ہمراہ  یہاں سینئر صحافیوں کی تنظیم پاکستان جرنلسٹس فورم ہمیشہ تعاون کرتی ہے۔