بہاولنگر؛ ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

30

بہاولنگر،16 فروری( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹ کر آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو آلودگی سے صاف رکھتے ہیں اور ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں اور عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ پودے لگاکر شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر ڈی ایف او محمد افضل نے بتایا کہ اس مہم میں 5 لاکھ 26 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے ضلع میں 5سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ ضلع بھر میں 9 فاریسٹ نرسریاں موجود ہیں جن میں مختلف اقسام کے پودا جات نیم ، کیکر، بکائن، جامن ،سکھ چین اور شیشم وغیرہ کے پودے موجود ہیں جو کہ تمام کسان حضرات کو دو روپے فی پودا میسر ہیں۔

 محکمہ جنگلات کے پانچ لاکھ چھبیس ہزار پودوں کے ہدف کی تفصیلات سے متعلق بتایا گیا کہ ان میں سے 5900 ہزار پودے محکمہ جنگلات، ایک لاکھ سترہ ہزار پودے مختلف سرکاری محکمہ جات اور تین لاکھ چوبیس ہزار پودے دفاعی ادارے لگائیں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شعیب بٹ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ بھی موجود تھے۔