تھرپارکر،16 فروری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ ضلع تھرپارکر کی کچی آبادیوں کے سروے کے لیے محکمہ کچی آبادی ، میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے رپورٹ مرتب کریں اس کہ بعد تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختیار کار ایراضی کی تصدیق کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج محکمہ کچی آبادی اور روینیو افسران کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے محکمہ کچی آبادی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کچی آبادیوں کو نوٹیفائیڈ کرنے کے لیے مکمل قانونی طریقے پر عمل درآمد کیا جائے اور متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر تمام غیر نوٹیفائیڈ اور نوٹیفائیڈ کچی آبادیوں کی نقشے بنائے جائیں تاکہ کس بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے اور معلوم کیا جا سکے کہ وہ کچی آبادیاں محکمہ جنگلات یا کسی اور سرکاری محکمہ کی ایراضی تو نہیں ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں تمام ضروری دستاویزات اگلے ہفتے اجلاس میں پیش کریں۔
اس موقع ریجنل ڈائریکٹر کچی آبادی میرپور خاص زاکر علی شاہ نے اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کچی آبادی کے مطابق ضلع تھرپارکر میں کل 17 کچی آبادیاں ہیں جن میں صرف تین کچی آبادی نوٹیفائیڈ ہیں جبکہ 14 غیر نوٹیفائیڈ ہیں جن کو نوٹیفائیڈ کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سارہ جاوید ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سنجے کمار ، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنر ، مختیار کار ، ٹاؤن آفیسر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔











