کراچی۔1مارچ (اے پی پی):کراچی میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت بدھ کومنعقدہ جائزہ اجلا س میں مردم شماری کے انتظاما ت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ادارہ شماریات کے ڈائریکٹر منور علی گھانگھرو، اور شکیل قدیرنے کمشنر کو انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ مردم شماری کے انتظامات بہتر طو پرکئے گئے ہیں۔ اجلاس میں دپٹی کمشنر جنوبی سعید لغاری اور ادارہ شماریات کے افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں کمشنر نے اپنے آفس میں خانہ شماری کے لئے نمبر درج کر کے شہر میں مردم شماری کا آ غاز کیا۔ انہوں نے کمشنر آفس کا خانہ شماری نمبر 004درج کیا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلہ میں تین روز خانہ شماری ہوگی جس کے بعد مردم شماری کا آغاز ہو گا۔ کمشنر کو بتایاگیا کہ ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہے3 مارچ تک خانہ شماری ہوگی اور4 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہو گا۔ کمشنر نے کہا کہ مردم شماری میں اندراج سے متعلق شکایات کے لئے کمشنر آفس میں شکایتی مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایت 1299 پر اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔ مردم شماری قومی فریضہ ہے پاکستان کی ترقی کے لئے مردم شماری ضروری ہے، شہری اس میں بھرپور حصہ لیں اور اپنا اندراج کرائیں۔ کمشنر نے کہا کہ مردم شماری ترقیاتی منصوبوں اور انتخابات کے لئے اہم ہے ۔مردم شماری کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس،رینجرزاورپاک فوج سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔8 ہزار 10 شمار کنندگان اور سپروائزر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ہرٹیم کو پولیس اہلکارسیکورٹی دیں گے، مردم شماری کاعمل یکم اپریل تک رہے گا۔











