تھرپارکر،03 مارچ( اے پی پی ): دنیا بھر میں آج جانوروں اور چرند پرند کی حفاظت کیلئے یوم جنگلی حیات منایا جارہا ہے ۔اس موقع پر تھرپارکر کے ہیڈکواٹر شہر مٹھی میں عوامی آگاہی کیلئے ولی فاؤنڈیشن کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسکول کے طلباء، شہریوں اور سماجی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ولی فاؤنڈیشن کے رہنما ولی نہڑیو، ماما وشن تھری و دیگراں نے کہا کہ تھرپارکر بائیس ہزار اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل ہے جس میں ساٹھ لاکھ سے زائد جانور اور ان کے علاوہ نایاب نسل کے ہرن، نیل گائے، مور جبکہ نایاب نسل کے درخت شامل ہیں۔ شرکاء نے ان کی حفاظت اور افزائش کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سندھ سے بھرپور مطالبہ کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں نایاب نسل کی ہرنوں کا آئے روز غیر قانونی شکار کیا جاتا ہے جس کو روکنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کا قانون کمزور ہونے کے باعث شکاری شکار کرنے کے بعد باآسانی رہائی حاصل کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ تھر میں شکار عام ہے اور جنگلی حیات نسل کشی کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ اور اعلیٰ اختیاریوں سے مطالبہ کیا کہ محکمہ جنگلی حیات کے قوانین میں ترمیم کر کر تھر میں آباد جنگلی حیات کو بچایا جائے اور نایاب نسل کے درختوں کی شجرکاری کیلئے مہم شروع کی جائے تاکہ عالمی سطح پر ماحولی تبدیلی کا باآسانی مقابلہ کیا جا سکے۔











