ملتان،06 مارچ (اے پی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اور واسا ڈسپوزل اسٹیشن نمبر9 کا دورہ کیا۔ ایم ڈی واسا اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے بریفنگ دی۔
اس موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئےسیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ ملازمین کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے، مین ہول میں آنے کے لیئے سٹاف کو تمام ضروری سامان مہیا کیا جائے،ورکرز کی صحت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔انہوں نے کہا کہ مون سون میں عملہ مستعد رہے،گٹروں اور مین لائنز کو صاف کیا جائے تاکہ بارش کے موسم میں لائنز بند نہ ہوں۔
قلعہ کہنہ قاسم باغ کے دورہ کے موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ پی ایچ اے جشن بہاراں کے لیئے بھرپور انتظامات کریں،عوام کو تفریح کے لیئے بہترین مواقع فراہم کیئے جائیں، تمام ادارے عوامی خدمت کو شعار بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کو شفاف انداز سے مکمل کیا جائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پارکوں میں عوام کے لیئے تمام سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔











