پشاور، 8مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ہمارے مذہب اسلام نے خاتون کو بطور بہن، بیٹی، ماں، بیوی تمام حقوق دئیے ہیں، اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی خواتین سمیت تمام انسانوں کے حقوق کا پتہ چلتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے خواتین کے عالمی دن پر منعقدہ تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا، جسکا انعقاد انسداد پولیو مہم، ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے تعاون کیا گیا تھا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ آج کی خاتون تعلیم یافتہ اور باشعور اور خودمختار ہے مگر دور جاہلیت میں بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔
تاہم خواتین کو اگر کسی نے برابری کے حقوق دیئے تو وہ دین اسلام نے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنوں کے اس دور سے نجات اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے
حاجی غلام علی نے پولیو ٹیموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیم میں شامل خواتین کی خدمات قابل تحسین ہیں، مگر پولیو ٹیم میں شامل خواتین کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔
منعقدہ تقریب میں چیف سیکرٹری امداداللہ بوسال نے بھی شرکت کی۔











