اوکاڑہ،08مارچ (اےپی پی): یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک سیمینار اور ریلی کا اہتمام کیا گیاجس کا عنوان “جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنفی امتیاز کا خاتمہ ” تھا۔
سیمینار کے مہمان اسپیکرز میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ منصور امان، ڈسٹرکٹ پبلک سکول اوکاڑہ کی پرنسپل میڈم ثروت حسن اور معروف سماجی کارکن سمیرا مظہر راناشامل تھیں۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے کی جب کہ اس کی چیف آرگنائزر یونیورسٹی کی ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ ڈاکٹر نسرین اختر تھیں۔
سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ادارہ یا ریاست خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی،ہماری یونیورسٹی میں اس وقت ستر فیصد تعداد طالبات کی ہے اور یہ ہمارا اہم اثاثہ ہیں، ہم ان طالبات کی تربیت اس انداز میں کر رہے ہیں کہ یہ ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ منصور امان کا کہنا تھا کہ ہم معاشرے کے پسماندہ طبقات اور خاص طور پہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کےلیے ایک “تحفظ مرکز” قائم کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر کیرئیر کونسلنگ ڈاکٹر نسرین اختر نے معاشرے سے صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کی معاشرتی دھارے میں شمولیت کےلیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پہ بات کی۔ میڈم ثروت حسن اور سمیرا مظہر نے طالبات کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ زندگی کے ہر میدان بھرپور حصہ لیں اور اپنا لوہا منوائیں۔
سیمینار کے اختتام پر مہمان اسپیکرز اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم کی گئیں بعد ازاں ریلی اور شجر کاری کا بھی اہتمام کیا گیا۔سیمینار میں خواتین اساتذہ اور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔











