وفاقی محتسب کا کردار عام آدمی کو وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف شکایات پر ریلیف فراہم کرنا ہے؛سید غضنفر مہدی

40

فیصل آباد  ،9  مارچ  (اے پی پی):ایسوسی ایٹ ایڈوائزر انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس فیصل آبادسید غضنفر مہدی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا کردار عام آدمی کو وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا کے شکر گزار ہیں۔

یہ بات سید غضنفر مہدی ایسوسی ایٹ ایڈوائزر انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس فیصل آباد نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال جنوری فروری 2022 میں ہمارے پاس 568کیسز رجسٹرڈ ہوئے تھے جن پر سائلین کوریلیف فراہم کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس سال اب تک 2023میں 1246 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں جو کہ تقریباً گزشتہ سال کی نسبت 119فیصد زیادہ ہیں جو کہ عوام کے وفاقی محتسب کے ادارے پر اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا خصوصاً اے پی پی کے شکر گزار ہیں کہ جن کی بدولت عوام میں سرکاری اداروں کے خلاف مسائل پیدا ہونے پر شکایات رجسٹرڈ کروانے کا رجحان اور عوام میں آگاہی پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے گزشتہ دن جائزہ اجلاس جو کہ ہر 2ماہ بعد منعقد کیا جاتا ہے، میں ہدایات جاری کیں کہ تمام فیصلوں پر ہر صورت عملد رآمد یقینی بنایا جائے اور انہوں نے عوامی شکایات پر پاسپورٹ آفس فیصل آباد اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس فیصل آباد کے بارے میں دورہ کرنے کا حکم دیا جس پر ریجنل آفس وفاقی محتسب فیصل آباد 15مارچ کو پاسپورٹ آفس فیصل آباد اور 21،22مارچ کو ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس فیصل آباد کا دورہ کرے گا اور رپورٹ وفاقی محتسب کو بھیج دے گا۔

سید غضنفر مہدی نے کہاکہ وفاقی محتسب کی ہدایات کے مطابق مذکورہ بالا دونوں اداروں میں کھلی کچہری بھی لگائی جائے گی تاکہ موقع پر موجود سائلین اور شکائت کنند گان کے مسائل کو حل کیا جائے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے بارے میں اگر کوئی شکائت ہو تو ریجنل آفس وفاقی محتسب فیصل آباد رابطہ کریں اور درخواست دیں جس پر ہم 60دن میں فیصلہ کر دیں گے نہ وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔