ڈائریکٹر آپریشن صوبائی ڈزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی امداد حسین صدیقی کا دورہ نوشہروفیروز،بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا

16

نوشہرو فیروز، 09 مارچ(اے پی پی): ڈائریکٹر آپریشن صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی امداد حسین صدیقی ہائی کورٹ سکھر بینچ کی ہدایات پر آج دو روزہ دورے پر نوشہروفیروز پہنچے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشن امداد حسین صدیقی نے ڈپٹی کمشنر شاہزیب شیخ  کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفیس کے کمیٹی ہال میں ایک  اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ڈائریکٹر آپریشن نے اجلاس میں بتایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات پر آج چوتھے راؤنڈ میں نوشہروفیروز ضلع کا دورہ کر رہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے کافی مقامات سے بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوچکی ہے مگر کچھ مقامات پر مقامی لوگوں کی ذاتی رنجشوں کا باعث پانی کی نکاسی میں تاخیر پیش آئی تھی تمام میونسپل اور لوکل گورنمنٹ افسران اپنے اپنے علاقوں سے بارش کے پانی نکاسی کے عمل میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ڈائریکٹر آپریشن امداد حسین صدیقی نے کہا کہ محکمہ اسکارپ ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکارٹ کے تمام ٹیوب ویل چوبیس گھنٹے چلائے جائیں اگر بجلی کی فراہمی میں مقررہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جائے تو اس کی اطلاع کمیٹی کے تمام ممبران کو ارسال کریں، کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کوئی بھی افسر اپنی ذمہ داری ادا نہ کرے گا تو میں اس کی رپورٹ اعلیٰ عدلیہ تک پہنچا دوں گا۔انہوں نے سیپکو کے افسران کو ہدایت کرتے ہوۓ کہا کہ  وہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم رکھیں اور شیڈول کے علاوہ لوڈ شیڈنگ نہ کریں محکمہ آپپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں سے ممکن ہوبارش کے پانی کی نکاسی کرائی جائے اور کوشش کی جائے کہ نہری پانی ضرورت کے مطابق ہی کاشتکاروں کو فراہم کیا جائے۔

ڈائریکٹر آپریشن امداد حسین صدیقی نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہروں سے ڈرینج کے پانی کی نکاسی کے لئے وہ اپنے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو ہر وقت چلائیں اور خرابی کی صورت میں متعلقہ پمپنگ اسٹیشن کی فوری بحالی کے انتظامات کریں۔

اجلاس کے بعد ڈائریکٹر آپریشن نے ضلع کے مختلف مقامات گاؤں محمد جمن راجپر، کھاہی میمن،نور پور، قابل قابل منگریو اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور گزشتہ دورہ  کے دوران کئے گئے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ بھی اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اسکارپ امجد احمد میمن،ایکسین اسکارپ زرغام راجپر، اے ایکسین احمد اللہ خان کاکیپوٹو، ایکسین آبپاشی روہڑی دویزن کنڈیارو ذوالفقار سہتو،ایکسین پبلک ہیلتھ عنایت اللہ میمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خلیل احمد میمن تمام ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران اور یونین کونسل کے سیکریٹری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔