سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر مقامی بزنس کمیونٹی کا مثالی پراجیکٹ ہے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

7

سیالکوٹ۔9مارچ  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہا  کہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر مقامی بزنس کمیونٹی کا مثالی پراجیکٹ ہے ، سٹریٹس لائٹس کی بحالی کیلئے میونسپل کمیٹی سمبڑیال اور ضلع کونسل کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرائیویٹ  لمیٹڈ(سیال)کی ایگزیکٹیوز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر  وائس چیئرمین سیال چوہدری سرفراز احمد بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز،سی ای او سیال امجد علی طور، سابق چیئرمینز سیال چوہدری توحید اختر، نعیم اختر، چیئرمین سیالکوٹ ٹینری زون رضا منیر، ڈائریکٹر سیال فراز اکرم، افضل شاہین اورکمپنی سیکرٹری سیال جہانگیر خان بھی موجودتھے۔  انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹریکچر کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کیلئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کو ہدایت کی کہ وہ سمبڑیال بازار سے تجاوزات کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کریں جبکہ ایکسیئن سی این ڈبلیو ایئرپورٹ روڈ پر قابضین سے محکمہ ہائی وے کی لینڈ پر پختہ اور عارضی تجاوزات کو ختم کروائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ مواصلات کے جاری 10منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز کے اجرا کیلئے حکومت سے درخواست کی گئی ہے، تمام جاری ترقیاتی  منصوبوں میں معیارکو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ایئرپورٹ روڈ کی ناقص تعمیر کی شکایت پر انسپکشن کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سیال انٹرنیشل ایئر کے ٹرمینل کا بھی دورہ کیا جہاں بریفنگ دیتے ہوئے وائس چیئرمین سیال چوہدری سرفراز احمد بھٹی نے بتایا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سالانہ 10لاکھ مسافر اندرون اور بیرون ملک سفر کرتے ہیں جبکہ 10ہزار میٹرک ٹن سالانہ ایئرکارگو بھی کی جارہی ہیں، سیال علاقائی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں اہم کردارادا کررہا ہے اور سالانہ ڈیڑھ ارب روپے ٹیکس جمع کروا رہا ہے۔