سکھر۔9مارچ(اے پی پی): جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل ناکاگاوا یاسوشی سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خصوصی دعوت پر چیمبر تشریف لائے اور صدر بلال وقار خان و سینئر اراکین سے میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کی میزبانی سابق سینئر نائب صدر و رُکن ایگزیکٹو کمیٹی عرفان صمد نے کی ۔ صدرِ ایوان نے مہمانِ خصوصی کو سکھر کی تاریخ کے بارے میں بتایا کہ سکھر ریجن کی زرعی مصنوعات جس میں کھجور، چھوارہا، آم، کیلا، چاول، جڑی بوٹیاں و دیگر کے باعث اہمیت کا حامل ہے ۔
ڈپٹی قونصل جنرل نے مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مادری زبان اردو میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 1998 کے بعد سکھر کا دوسری مرتبہ دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا ، انہوں نے بتایا کہ دورے کا مقصد تجارت کے ساتھ کلچرل ایکسچینج کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث گذشتہ تین سالوں میں اس مقصد کے حصول میں جو خلاء پیدا ہوا اس کو پُر کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں۔
ڈپٹی قونصل جنرل نے کاروبار کا پیمانہ بڑھانے پر زور دیتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔بلال وقار خان نے چیمبر اور جاپان کے چیمبرز کے درمیان رابطہ قائم کر کے تجارت کو فروغ دینے کی گذارش کی جس پر ڈپٹی قونصل جنرل نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں سابق صدوراور اراکینِ ایوان کی کثیر تعداد نے شرکت کی بعد از اجلاس معزز مہمانوں اور شرکاء کو پُر تکلف ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔











