ہرنائی،12 مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ دینی مدارس کا دفاع اور تحفظ جمعیت وعلماء اسلام پر فرض ہے،دینی مدارس نوجوان نسل کوبے ہودہ ثقافت سے بچانے میں مصروف عمل ہیں۔
مدرسہ فریدیہ شمس العلوم ہرنائی میں سالانہ جلسہ دستاربندی سے خطاب میں جمعیت وعلماء اسلام بلوچستان کے امیر وفاقی وزیر ہاوسنگ مولانا عبد الواسع نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کی محافظ اور دین کے قلعے ہیں،مفت تعلیم جو ایک فلاحی ریاست کے تصور میں ترجیحی حیثیت رکھتی ہے ملک کے دینی مدارس اس کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا تعلیمی و تنظیمی ڈھانچہ ہر طبقہ کے لئے یکساں طور پر یکساں تعلیم کو یقینی بناتا ہے۔
وفاقی وزیر مولاناعبدالواسعنے کہا کہ ذمہ دار اساتذہ دینی مدارس کے فضلاء ہوئے ہیں اب تو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور عالمی زبانوں پر حاوی ہونا ان کے لیے کوئی بڑی چیز نہیں رہ گئی،دینی مدارس کی حفاظت و نصرت اور اعانت کی کوششوں میں انکا ہاتھ بٹانا ہر ایک کا فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی سنجاوی شاہراہوں کی التواء منصوبے کو جلدازجلد شروع کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کرونگا، گریڈ اسٹیشن ہرنائی میں ہائی پاور نیا ٹرانسفارمر کا 20 مارچ تک تنصیب مکمل ہوجائے گا۔











