کراچی ، 14 مارچ (اے پی پی ):وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ نے نئی جیلوں کی تعمیر اور قیدیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے منصوبے آئندہ مالی سال کے سالانہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے بتایا کہ جیل اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سندھ سے اہم ملاقات کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب نے جیلوں کی صورتحال اور اصلاحات کی ضرورت پر ایک جامع رپورٹ تیار کی ہے اور یہ رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے رپورٹ منظور کرتے ہوئے اسے عملدرآمد کے لیے تمام صوبوں کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں رپورٹ پر عملدرآمد کو تیز کرنے اور اس سلسلے میں حائل رکائوٹوں کو دور کرنے سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے سندھ میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ چیف سیکریٹری سندھ نے بعض مسائل حل کرنے اور نئی جیلوں کی تعمیر اور قیدیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے منصوبے آئندہ مالی سال کے سالانہ بجٹ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب قیدیوں کی کافی تعداد ایسی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر جیلوں سے رہا نہیں ہو سکے اور انہیں وہاں صحت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔











