بہاول نگر، 14مارچ (اے پی پی ): کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول نگر کیمپس میں ڈی سی بہاول نگر سلمان خان لودھی کے ہمراہ جشن بہاراں و کلچرل ڈے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صہیب بٹ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احمد سلیم چشتی ، اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر آمنہ احسان، ڈائریکٹر کیمپس و دیگر افسران کے علاوہ ، اساتذہ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد ،شہریوں اور فیملیز نے بھی شرکت کی۔ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب میں محکمہ لائیو سٹاک کے زیراہتمام گھوڑا ڈانس اور پالتو جانوروں کے شو اور مختلف محکموں اور سکولز و کالجز کی جانب سے فلاور و کلچرل نمائش اور ثقافتی رنگوں سے مزین سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔
تقریب میں مختلف سکولز کے طلباء و طالبات نے مختلف صوبوں کے ثقافتی لباس میں علاقائی رقص جن میں جھومر، بھنگڑہ کے علاوہ سندھ بلوچستان اور خیبر پختنونخوا سمیت پاکستان کی تمام اکائیوں کے رنگوں کو پیش کیا گیا تھا۔ جشن بہاراں کے سلسلہ میں روایتی ، علاقائی اور ثقافتی پروگراموں کے کھیلوں کے مقابلے ، مشاعرہ اور عارفانہ کلام کی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ہما رے وطن میں موسم بہارانتہا ئی خوبصورت انداز لیے آتا ہے موسم بہا ر کا ئنا ت کا ایک انمول عطیہ ہے اس مو سم میں فطرت کا حسن وجمال حقیقی معنوں میں آشکار ہوتاہےاور اس موسم میں میلے اور تہواروں کی روایت ہماری ثقافت کی دلکشی و رنگینی کو نمایاں کرتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے تقریب میں کہا کہ موسم بہار ترقی خوشی ، خوشحالی کی علامت ہے اور جشن بہاراں شہریوں کی تفریح کا بہترین ذریعہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر نےمزید کہا کہ بہار صرف موسم ہی نہیں ایک تہوار بھی سمجھا جاتا ہے اور بہار کا جشن منانے کے لیے ہر علاقے کا اپنا انداز ہے۔ تقریب میں طلباء نے ٹیبلوز، کلچرل شوز اور دیگر خوبصورت پروگرامز سے حاضرین کو بہت محظوظ کیا۔











