بورے والا؛ کمشنر کا آٹا تقسیم پوائنٹ کا دورہ،انتظامات کا جائزہ لیا

56

بورے والا،28 مارچ(اے پی پی):  کمشنر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ،ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا اور دیگر انتظامی افسران کے ہمراہ قائد اعظم سٹیڈیم جمنیزیم گراونڈ میں بنائے گئے مفت آٹا تقسیم سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور آٹا کی تقسیم کے مختلف مراحل پر کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور عوام کی سہولت کے لئے سنٹر کو کرکٹ سٹیڈیم میں منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط صدیقی اور ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کی جانب سے عام اہلکاروں کی طرح نظم و ضبط کے قیام میں عملی طور پر خدمات انجام دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مفت آٹا کی تقسیم سے روزانہ لاکھوں افراد کو خاطر خواہ ریلیف مل رہا ہے جس کے حصول کے لئے عوام کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیئے کیونکہ آٹے کی کوئی کمی نہیں ہے ہر حقدار کو آٹے کے اس ریلیف پیکیج کی فراہمی ہوممکن طور پر یقینی بنائی جائے گی ۔