صوبائی محتسب پنجاب عام لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے قابل قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے؛ گورنر محمد بلیغ الرحمن

11

لاہور،30مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ عام لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے قابل قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اچھے کام کے لیے محتسب پنجاب اور ان کی ٹیم کو سراہتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   جمعرات کو یہاں   گورنر ہائوس میں منعقدہ  تقریب سے خطا ب میں کیا  ۔ تقریب میں  صوبائی محتسب پنجاب  میجر(ر)اعظم سلیمان نے گورنر پنجاب کو  ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ2022 پیش کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ محتسب پنجاب کا ادارہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا احسن طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مختلف اداروں سے متعلق شکایات کے حل کے لیے محتسب پنجاب کے ادارے کی مکمل ڈیجٹلائزیشن اور اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے موبائل ایپ جیسے اقدام قابل تعریف ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ محتسب پنجاب کے ادارے میں وقت گزرنے کے ساتھ بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سسٹم اور فریم ورک کو مضبوط کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب محتسب کے ادارے کے ڈیٹا کی بنیاد پر مختلف اداروں میں فیڈبیک میکننزم کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب میجر)ر(اعظم سلیمان خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محتسب آفس کوسال 2022 میں کل 31149شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 96فیصد شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شکایات کونمٹانے کا تناسب کسی بھی سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا ہے۔صوبائی محتسب نے کہا کہ شکایات کنندگان اور حکومت پنجاب کو مجموعی طور پر13.842 بلین روپے کا ریلیف ملاہے جبکہ 29363 کنال سرکاری اور پرائیویٹ اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا ۔

صوبائی محتسب پنجاب نے کہا کہ محتسب آفس کومکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رہنمائی اور شکایات کے ٹیلیفونک اندراج کیلئے 7/24 ڈیجیٹل ہیلپ لائن 1050 کو متعارف کروایا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانی حکومت پنجاب کے محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے دفتر محتسب پنجاب کو اپنی شکایت موبائل ایپ یا ویب سائٹ www.ombudsmanpunjab.gov.pk پر بھی درج کروا سکتے ہیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان ، سپیشل سیکرٹری ٹو گورنرپنجاب عمر سعید، صوبائی سیکرٹریز ، محتسب پنجاب کے ایڈوائزر اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔