رمضان پیکج کے تحت ملتان ڈویژن میں25لاکھ23 ہزار8سو60 آٹے کے تھیلے تقسیم کئےجاچکے ہیں ،عامر خٹک

45

 

ملتان،31مارچ (اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا  ہے کہ رمضان پیکج کے تحت ملتان ڈویژن میں25لاکھ23 ہزار8سو60 آٹے کے تھیلے تقسیم کئےجاچکے ہیں، 19مارچ تا30مارچ تک 20 لاکھ سے زائد خاندانوں میں آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے،ایک روز میں 2 لاکھ40 ہزار2سو42 آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے، ڈویژن میں آٹے کے 74 ڈسٹریبیوشن پوائنٹس پر 663 کاؤنٹرز بنا کر آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے رمضان پیکج بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے مختلف پوائنٹس پر بزرگ شہریوں، معذور افراد کے کاؤنٹرز الگ کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں مختلف پوائنٹس پر 1542 یوزرز، 151 سول ڈیفنس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں،حسب ضرورت کاؤنٹرز، یوزرز کی تعداد بڑھائی جائے، تحصیل ہیڈ کوارٹر پر فی سنٹر 40، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر فی سنٹر 60 یوزرز تعینات کئے جائیں، شہریوں کی سہولت کیلئے چیکنگ کاؤنٹرز، آگاہی سنٹر بھی بنائے جائیں۔

کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مستحق طبقے کیلئے مثالی رمضان پیکج دیا ہے،ضلعی محکموں کے افسران اور سول ڈیفنس اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں،شہری تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی سبسڈی کے ثمرات سے مستفید ہوں،ضلع میں مزید آٹا پوائنٹس قائم کرکے رش میں کمی آئی ہے۔